تاثیر 5 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ارریہ(رقیہ آفرین)ضلع میں پیکس کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد، فاتح امیدوار اور ان کے حامیوں پر جان لیوا حملے ہو رہے ہیں۔ ضلع سے ایک کے بعد ایک ایسے ہی کیس سامنے آ رہے ہیں۔ ابھی چار دن قبل ہی ضلع کے پلاسی بلاک کے برہٹا پنچایت کے نو منتخب پیکس صدر کو قتل کرنے کی نیت سے گولی مار دی گئی تھی۔ اور ان کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ ضلع کے بھرگاما میں بدھ کی رات مخالفین نے پھوٹہا بیجناتھ پور پنچایت کے نو منتخب پیکس صدر کے رشتہ داروں پر ٹریکٹر چڑھا دیا گیا، اس واقعہ میں ایک بچے کی موت ہو گئی جبکہ نصف درجن لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ ملی اطلاع کے مطابق الیکشن جیتنے کے بعد تونہا گاؤں کے رہائشی جے پرکاش مہتا بدھ کی دیر شام پوجا پاٹھ کر کے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ان کے حامیوں کو مخالف نے ٹریکٹر سے کچل دیا۔ کچلنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ آٹھ لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے سلسلے میں بتایا جا رہا ہے کہ جے پرکاش مہتا کو پھوٹہا بیجناتھ پور پنچایت سے پیکس صدر کے عہدے کے لیے ملی فتح سے مخالف امیدوار کافی ناراض ہو گئے۔ جس کی وجہ جیت کے بعد جش مناتے حامیوں کے ساتھ پیدل گھر لوٹ رہے جے پرکاش مہتا اور ان کے حامیوں کو لائٹ بند کرکے ایک ٹریکٹر سے کچل دیا۔ جس کی وجہ سے نو متتخب پیکس صدر کے بھتیجے کی موت ہو گئی۔ اور نصف درجن افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ وہیں حادثے کو لے کر ایس پی دفتر ارریہ سے ایک پریس ریلیز جاری کر، حادثے کے سلسلے میں کہا گیا ہے کہ مورخہ 05.12.2024 کو صبح دو بجے کے قریب بھرگاما تھانہ علاقے کے پھوٹہا بیجناتھ پور میں، پیکس صدر کے انتخاب میں فاتح امیدوار کے حامیوں کے ذریعے الیکشن میں ملی جیت کا جشن منانے کے لیے پٹاخے وغیرہ پھوڑے جارہے تھے۔ پٹاخے پھوڑنے پر جھگڑا ہوا۔ جس کی وجہ سے جیتنے والے امیدوار کے حامیوں کو ٹریکٹر سے روندنے کی کوشش کی گئی۔ جس کی وجہ سے تین سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ جن میں سے ایک 07 سالہ بچہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ وہیں واقعہ کو انجام دینے والے ملزم منیش مہتا(35) ولد شیام سندر مہتا اور اس کے ساتھی اوم پرکاش مہتا ولد بیچن مہتا کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والے ٹریکٹر کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ بھرگاما کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔

