تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دمشق،28دسمبر:شام میں جمعے کے روز دیر الزور کے دیہی علاقے میں المیادین میں مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ ان میں ایک طرف عسکری کارروائیوں کی انتظامیہ کی فورس تھی جب کہ دوسری طرف سابق حکومت کے عناصر اور منشیات کے تاجر شریک تھے۔دیر الزور میں المیادین کا علاقہ ان اہم ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں ایران کے زیر انتظام ملیشیائیں تعینات تھیں۔
ادھر عسکری کارروائیوں کی انتظامیہ کے اعلان کے مطابق حمص کے دیہی علاقے میں بشار حکومت کے عناصر کے تعاقب کے لیے بڑی کمک بھیجی گئی ہے۔ العربیہ نیوز نے حمص کے مغربی دیہی علاقے میں سابق حکومت کے عناصر کے تعاقب کی کارروائیوں اور خفیہ جیلوں کی تلاش کا عمل اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔العربیہ کی ٹیم کے داخل ہونے پر حمص کے دیہی علاقے میں زور دار دھماکا سنا گیا۔ حمص پولیس کے سربراہ کے مطابق یہ دھماکے سابق حکومت کے عناصر کی جانب سے کیے جاتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا عسکری مواد کے نتیجے میں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ یہاں واقع فوجی اڈے میں وار ہیڈز اور خطرنات کیمیائی مواد موجود ہے۔