تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
انقرہ،28دسمبر:ترکیہ کے وزیرِ داخلہ نے جمعے کو بتایا کہ بشار الاسد کی معزولی کے بعد سے تقریباً 31,000 شامی اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں اور صرف تین دنوں میں یہ تعداد تقریباً 5,000 تک بڑھ گئی ہے۔وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے ٹی جی آر ٹی نیوز چینل کو بتایا کہ واپس جانے والوں کی تعداد 30,663 ہے اور کہا کہ ان میں سے 30 فیصد ترکیہ میں پیدا ہوئے تھے۔
ترکیہ تقریباً تیس لاکھ پناہ گزینوں کا مسکن ہے جو 2011 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد شام سے فرار ہو کر یہاں آئے تھے۔ بشار الاسد کے خاتمے کے بعد کئی لوگوں کے واپس جانے کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔منگل کے روز یرلیکایا نے سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کو بتایا تھا کہ واپس لوٹنے والے شامیوں کو 2025 کی پہلی ششماہی میں تین بار ترکیہ سے نکلنے اور دوبارہ داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔انہوں نے مزید تفصیلات بتائے بغیر جمعہ کو کہا کہ انقرہ شام کے دوسرے بڑے شہر حلب میں “مہاجر دفتر” بھی کھولے گا۔ ترکیہ میں مقیم زیادہ تر مہاجرین حلب سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ترکیہ حلب میں اپنا قونصل خانہ بھی”چند دنوں میں” دوبارہ کھولنے والا ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں صدر رجب طیب ایردوآن بھی انہی خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔