ممبئی میں چار منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ، کوئی جانی نقصان نہیں

تاثیر  13  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 13 دسمبر :جمعرات کی آدھی رات کے بعد ممبئی کے ایک پہاڑی علاقے میں چار منزلہ عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔ یہ بڑی راحت کی بات ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کہا جاتا ہے کہ اس عمارت کو پہلے ہی غیر محفوظ قرار دیا جا چکا ہے۔ اس کی مرمت بھی ہونے والی تھی۔ اب بھی ملبے تلے کوئی پھنسا ہے یا نہیں اس کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملبے تلے کسی کے دبے ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا کیونکہ عمارت پہلے ہی خالی تھی۔ احتیاط کے طور پر تلاشی لی جارہی ہے۔
اس واقعہ کے بعد مقامی ایم ایل اے امین پٹیل نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی۔ امین پٹیل نے بتایا کہ “یہاں نور ولا نامی عمارت ہے، اس میں پہلے ہی بہت زیادہ شگاف پڑ چکے تھے، عمارت کی تعمیر کے لیے فنڈز کا بندوبست کیا جا رہا تھا، لیکن مرمت کا کام نہیں ہوا اور عمارت گر گئی، فائر بریگیڈ اور پولیس کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ممبئی میونسپل حکام، پولیس اور فائر ٹیمیں ملبہ ہٹانے کا کام کر رہی ہیں۔