تاثیر 25 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کلکتہ،25/دسمبر (تاثیر بیورو) پیس لونگ سیٹیزن فورم کے بینر تلے 24/ دسمبر بروز منگل کو کولکاتا پریس کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرس کے دوران 27/ دسمبر بروز جمعہ دوپہر 1.30 بجے رام لیلا میدان مولا علی سے دھرم تلہ نیو مارکیٹ تک ایک عظیم الشان ریلی اور جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس جلسہ عام میں ایگزیکٹیو ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے حضرت مولانا محمد ابو طالب رحمانی کی قیادت میں تحریک کو مضبوط بنانے کے لیئے کلکتہ سمیت مغربی بنگال کی مختلف تنظیموں نے ایک ساتھ شمولیت اختیار کرنے کا عزم اٹھایا ہے۔ عوامی میٹنگ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے نزدیک منعقد کی جائے گی۔ جہاں اسکالرز، دانشوروں سماجی کارکنوں اور سامعین سے وقف ترمیمی بل 2024 کے بد اثرات کے بارے میں اور آئین ہند کی خلاف ورزی کے تعلق سے روشناس کرائیں گے۔ پریس کانفرس میں شریک مولانا ابو طالب رحمانی نے میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ملک میں جب بھی کوئی مشکلات درپیش آتی ہے تو اس کا بدلہ براہِ راست مسلمانوں سے لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت لوک سبھا انتخابات میں چار سو کے حدود پار نہیں کر پائی ہے، تو اس کا الزام بھی مسلمانوں پر تھوپا گیا ہے، اور اس کا غصہ مسجدوں سے نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کبھی بھی تانا شاہ کی حکومت نہیں رہی ہے۔ پریس کانفرس کے اہم شرکاء میں موجود ڈکی احمد مفتی، مولانا محمد ابوطالب رحمانی، مفتی عبد المعین، اشرف علی قاسمی، قمر الدین ملک، مجاہد حسین چشتی، کامران حسین، اطہر فردوسی، سرفراز عادل، و دیگر شامل تھے۔ احتجاجی ریلی میں گدی نشین درگاہ اجمیر شریف سید سرور چشتی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔