تاثیر 31 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،31دسمبر:اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے پیر کے روز خبردار کیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل حملے نہ روکے تو حوثیوں کو بھی اسی خطرے کا سامنا ہوگا جس قابل رحم قسمت سے حماس اور حزب اللہ کے بعد بشار الاسد کو گزرنا پڑا ہے۔اسرائیلی سفیر ڈینی ڈانون نے ایران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ‘اسرائیل کے پاس ایسی قوت موجود ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ایران سمیت کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس لیے اسرائیل ایرانی حمایت یافتہ ‘پراکسیز’ کے حملوں کو برداشت نہیں کرے گا۔ ‘
اسرائیلی سفیر کے ان خیالات کے محض چند گھنٹوں بعد اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ یمن سے آنے والے میزائل کو روک دیا گیا ہے۔جبکہ دوسری جانب حوثیوں کے ایک رہنما نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے جاری رکھیں جائیں گے۔حوثی رہنما محمد علی الحوثی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ ایکس’ پر لکھا ہے کہ اسرائیل پر حملے جاری رکھ کے غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔’محمد علی الحوثی ایرانی حمایت یافتہ گروپ کی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔