ٹھاکر گنج شہر کے مختلف مسائل کو لیکر میٹنگ کا انعقاد

تاثیر  29  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکر گنج (محمد محیط حسن رضا)
اتوار کو ٹھاکر گنج شہر کے تاریخی گاندھی میدان میں سابق ایم ایل اے گوپال کمار اگروال کی صدارت میں ٹھاکر گنج علاقے کے مختلف مسائل کو لیکر ایک عوامی مباحثہ اجلاس منعقد ہوا۔  جس میں شہر اور دیہی علاقوں کے معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں درج ذیل عوامی مسائل کے حل کے لیے تفصیلی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس میں 1. کٹہل ڈانگی سے بائی پاس روڈ کی تعمیر 2. ریل اوور برج کی فوری تعمیر 3. مہانندا ندی پر ڈبل لین پل کی تعمیر۔ 4. شہر کی مین روڈ اور بلاک روڈ کو چوڑا کرنا 5. ٹھاکر گنج کو سب ڈویژن بنانا جیسے مسائل پر باریکی کے ساتھ چرچہ کی گئی۔ اس کے علاوہ نیاز اسپتال کے سامنے لگائے گئے پولیس بیریکیڈ کو ہٹانے، جام کے پیش نظر مہانندا پل پر نیا پل بننے تک ہر طرف ایک ایک کانسٹیبل کو مستقل طور پر تعینات کرنا اور صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک شہر میں بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کے لیے ایس ڈی پی او منگلیش کمار کو مشترکہ طور پر ایک میمورنڈم دیا گیا۔   جس پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے سابق ایم ایل اے گوپال کمار اگروال کی صدارت میں متفقہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس موقعے پر سابق ایم ایل اے گوپال کمار اگروال، آر جے ڈی لیڈر مشتاق عالم، نگر چیئرمین سکندر پٹیل، ضلع پریشد نمائندہ احمد حسین، راجیش کرنانی، کنہیا لال مہتو، سابق چیئرمین دیوکی اگروال، بجلی پرساد سنگھ، اتل کمار سنگھ، گورو گپتا، کشن بابو پاسوان سمیت کثیر تعداد میں عام اور خاص معززین موجود تھے۔