تاثیر 31 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 31 دسمبر: مغل روڈ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بفلیاز سے پیر کی گلی تک کے حصے کو پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ سے بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کو ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر وکاس کنڈل کی سربراہی میں مکمل کیا گیا، جہاں تمام ضروری مراحل اور رسمی کارروائیاں پایہ تکمیل تک پہنچیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغل روڈ خطے کے لیے ایک اہم شاہراہ ہے اور اس کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے بی آر او کو تاکید کی کہ وہ سردیوں کے موسم میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائیں، تاکہ نہ صرف عام عوام بلکہ سیکورٹی فورسز کو بھی بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بی آر او ایک ماہر تنظیم ہے جس کے پاس سخت موسمی حالات اور دشوار گزار علاقوں میں کام کرنے کی غیر معمولی صلاحیت، وسائل اور تجربہ موجود ہے۔یہ اقدام نہ صرف مقامی عوام کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ سردیوں کے دوران اس اہم شاہراہ کو محفوظ اور قابلِ استعمال بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، جو علاقے کی ترقی اور اسٹریٹجک نقل و حمل کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔