نتیش کمار: بہار میں این ڈی کا سی ایم چہرہ

تاثیر  23  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بہار اسمبلی انتخابات 2025 کا انتخابی بگل ابھی نہیں بجا ہے۔ لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی، جو چناو کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے، بہار میں ابھی سے اپنی زمین کو مضبوط کرنے کے کام میں سنجیدگی کے ساتھ جُٹ گئی ہے۔اور اسی تناظر میں یہ فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے کہ این ڈی اے بہار میں سی ایم کا چہرہ نتیش کمار ہی ہوں گے۔کل دہلی میں منعقد، بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری مل گئی۔ کور کمیٹی کی میٹنگ میں آئندہ اسمبلی انتخابات 2025 کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مضبوط قیادت میں لڑے جائیں گے۔ میٹنگ میں اگلے تین ماہ کے پروگرام اور 15 جنوری سے شروع ہونے والی این ڈی اے کی مشترکہ ورکرس کانفرنس کے پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر سمراٹ چودھری نے اتوار کو بی جے پی ہیڈکوارٹر میں میڈیا کے لوگوں سے کہا تھا کہ این ڈی اے بہار میں نتیش کمار کی قیادت میں ہی الیکشن لڑے گی۔
اس سے قبل ریاستی بی جے پی کے اندر یہ سوال دبی زبان میں گردش کر رہا تھا کہ 2025 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کا چہرہ کون ہوگا؟ دلچسپ بات یہ ہے یہ سوال اس وقت سے اٹھنا شروع ہوا تھا، جب بی جے پی کے مضبوط اور سینئر لیڈر وزیر داخلہ امیت شاہ نے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بہار کی قیادت کو لے کر صاف صاف اپنی بات کہہ دی تھی ۔اس انٹر ویو کے تناظر میں سیاسی مبصرین یہ ماننے لگے تھے کہ بہار کی سیاست مہاراشٹر کی سیاست کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ایکناتھ شندے کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنانے کے بعد جس طرح دیویندر فڑنویس کو کمان سونپی گئی، اس کی بنیاد پر بہار کی سیاست پر پہلے ہی شک کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ اور اس شک کو اس وقت مزید تقویت ملی جب امیت شاہ نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے نہایت شائستگی سے اہم سوال کو پس پشت ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا؟ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں بی جے پی کا ڈسپلنڈسپاہی ہوں۔اپنی حکمت عملی ظاہر نہیں کر سکتا ہوں ۔ امیت شاہ کے اس بیان کے بعد سے ہی این ڈی اے کی سیاست میںا ندر ہی اندر کھلبلی مچی ہوئی تھی۔ اس بیچ بات کو بگڑتے ہوئے دیکھ کر بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال کو یہ کہنا پڑا تھاکہ بہار میں اقتدار کی کنجی نتیش کمار کے ہاتھ میں ہے۔
بہار کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے یہ کہنے لگے تھے کہ این ڈی اے میںبہار کے سی ایم کا چہرہ طے کرنے کا معاملہ صرف نتیش کمار تک محدود نہیں ہے۔اب بطور وزیراعلیٰ چراغ پاسوان کانام بھی چرچا میں ہے۔ کہا جانے لگا تھا کہ جموئی کے لوجپا ایم پی ارون بھارتی نے بھی اپنے پارٹی سربراہ چراغ پاسوان میں سی ایم فیکٹر ڈھونڈ لیا ہے۔ ویسے پی ایم نریندر مودی کے ہنومان یعنی چراغ پاسوان کے بڑھتے سیاسی قد کو لے کر ریاستی بی جے پی کے اندر ہمیشہ سر گوشیاں ہوتی رہی ہیں۔ قیاس آرائی یہ بھی ہو رہی تھی کہ مبینہ طور پرآر جے ڈی سپریمو لالو یادو سیاسی نقطۂ نظر سے تیجسوی یادو اور چراغ پاسوان کو قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے مدنظر ریاستی بی جے پی کو بھی اس مسئلہ پرمرکزی قیادت سے مشورہ کرنا ضروری ہو گیا تھا۔ دوسری طرف راشٹریہ قومی ایل جے پی بھی ریاستی بی جے پی قیادت کے لیے ایک مسئلہ بنی ہوئی تھی۔ راشٹریہ ایل جے پی صدر پشوپتی پارس نے یہ کہہ کر ریاستی قیادت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا تھاکہ وہ 243 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ ایسے میںپشوپتی پارس کے ساتھ کیسے نمٹنا جائے گا؟ یہ سوال بھی ریاستی قیادت کو پریشان کئے ہوا تھا۔ لہٰذا ریاستی بی جے پی چراغ اور پشوپتی پارس سے متعلق ممکنہ مسئلہ پر بھی مشورہ ضروری تھا۔
در اصل ریاستی بی جے پی 2015 کے اسمبلی انتخابات کی طرح آئندہ انتخابات لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔مانا جا رہا تھا کہ اگر اقتدار کی چابی در کار ہے تو بی جے پی کو نتیش کمار کے ساتھ الیکشن میں جانا ضروری گا۔ یہی وجہ ہے کہ ریاستی صدر دلیپ جیسوال نے بڑا بیان دے کر راہ میں حائل تمام شکوک و شبہات کو تقریباََ ختم کردیاہے۔ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ این ڈی اے ریاست میں، 2025 کے اسمبلی انتخابات صرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں لڑے گی۔ویسے بی جے پی لیڈر ورکنگ کمیٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے کئی لیڈر پہلے ہی دہلی پہنچ گئےتھے۔ ان میں ڈپٹی سی ایم وجے کمار سنہا اور سمراٹ چودھری، ریاستی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال اور تنظیم کے جنرل سکریٹری بھِکھو بھائی دلسانیا شامل تھے۔ ہفتہ کو ان لیڈروں کے درمیان مرکزی وزیر نتیا نند رائے کی دہلی رہائش گاہ پر ایک ابتدائی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں کور کمیٹی میٹنگ کا ایجنڈا طے کیا گیا تھا۔اور کل کی میٹنگ میں اس تجویز پر مہر لگ گئی کہ بہار میں این ڈی کا سی ایم چہرہ اس بار بھی نتیش کمار ہی ہوں گے۔
***********