این سی ڈبلیو نے انا یونیورسٹی میں جنسی ہراسانی کے معاملے کا لیا نوٹس

تاثیر  28  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 دسمبر:خواتین قومی کمیشن (این سی ڈبلیو) نے انا یونیورسٹی میں جنسی ہراسانی کے واقعے کا از خود نوٹس لیا ہے۔ کمیشن نے معاملے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں خواتین قومی کمیشن کی رکن ممتا کماری اور مہاراشٹر کے سابق ڈی جی پی اور این ایچ آر سی کے خصوصی رپورٹر پر وین دکشت شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ انا یونیورسٹی میں انجینئرنگ کی ایک طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا تھا۔ واقعہ 23 دسمبر کا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب طالبہ نے خود اس کی شکایت پولیس سے کی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے معاملے کو ہلکا لیا اور کوئی کارروائی نہیں کی۔ سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پر پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے کیس میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 37 سالہ ملزم یونیورسٹی کیمپس کے قریب بریانی فروخت کرتا ہے۔