الحمد ہائی ا سکول میں سالانہ کھیل کود مقابلے کے افتتاحی تقریب کا انعقاد

تاثیر  16  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھیونڈی ( شارف انصاری):- تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی دلچسپی لینا ضروری ہے، جو طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں مہارت رکھتے ہیں، وہ کھیلوں میں بھی قابل ستائش کریئر بنا سکتے ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار معروف معالج ڈاکٹر ابوطالب انصاری نے الحمد ہائی ا سکول اینڈ جونیئر کالج گراؤنڈ میں ریڈ، گرین، یلو اور بلیو ہاؤس کے درمیان تین روزہ سالانہ کھیلوں کے مقابلے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب صدر پروفیسر مشتاق احمد بیگ کی صدارت میں منعقد ہوا۔سابق کارپوریٹرحاجی نعمان خان، ڈاکٹر ابوطالب انصاری اور سابق کارپوریٹر وسیم انصاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے جنرل سکریٹری ریاض الدین خان، جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر نیاز اعظمی، الحمد ہائی ا سکول کے چیئرمین عبدالعزیز انصاری، خان قیام الدین  نے تقریب کو رونق بخشی۔ الحمد ہائی ا سکول و جونئیر کالج اور الحمد پرائمری ا سکول (اردو اور انگلش میڈیم) کے طلباء نے اپنے اسپورٹس انچارجز مومن انیسہ، غفار خان اور اخلاق انصاری کی رہنمائی میں مارچ پاس کے ذریعے مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ اس کے بعد طلبہ نے اہرام، لیز یم، سلو موشن کبڈڈی، گولڈن گرلز، فائر ایونٹ، ٹگ آف وار اور پرائمری سیکشن کے طلبہ کی جانب سے مختلف پروگراموں کو قابل ستائش انداز میں پیش کیا گیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔تمام مہمانان نے اپنے خطاب میں طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔حاجی نعمان خان نے تمام طلبہ کوکھیل کودکو نظم و ضبط اورایمانداری سے کھیلنے اور ملک سے  محبت کی حلف دلائی۔ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز مہمانوں نے مشعل روشن کر کے کیا۔ ہیڈ مسٹریس خان شبنم ریاض الدین نے تمام مہمانوں اور  حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔مہمانوں کا استقبال اور نظامت کا فریضہ مومن محمد سر نے انجام دیا ۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں تمام اسٹاف کا تعاون شامل رہا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔