تاثیر 31 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے بنما اٹہری تھانہ حلقے میں باہمی تنازعہ کی وجہ سے فریقین میں پرتشدد تصادم ہوا۔ فائرنگ کے واقعے سے مشتعل ایک طرف سے لوگوں نے تھانے کا گھیراؤ کرکے مظاہرہ کیا۔ ہرہری گاؤں کے مظاہرین نے مین روڈ بلاک کر کے پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ دوسری طرف سے زبردستی کھیتوں میں ہل چلانے کی کوشش کی گئی اور جب انہوں نے احتجاج کیا تو کئی راؤنڈ فائر کئے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ تھانے میں کچھ دلال سرگرم ہیں، جن کے اثر و رسوخ کی وجہ سے دوسرے فریق کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مظاہرین نے جائے وقوعہ سے کئی گولے برآمد کیے اور ملزمان کی
فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
سمری بختیار پور کے ایس ڈی پی او مکیش کمار ٹھاکر نے بتایا کہ یہ تصادم ہرہری گاؤں میں زمین کے تنازعہ کی وجہ سے ہوا۔ جس میں متعلقہ علاقہ کھگڑیا بھی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر تعینات کی گئی ہے۔واقعے کے بعد سے علاقے میں کشیدگی ہے تاہم انتظامیہ نے فوری کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کی ہے۔