تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بھیونڈی ( شارف انصاری):- شہر بھیونڈی میں لڑکوں کی تعلیم کے معروف ادارے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول میں بروز بدھ بتاریخ 26 دسمبر، 2024 کو ایس ایس سی امتحان مارچ 2025 میں بورڈ امتحان میں شریک ہونے والے تمام طلبہ کی پیشہ ورانہ رہنمائی کے لئے شارپ کالج کے اشتراک سے ایک ووکیشنل کاوئنسلنگ سیشن کا انعقاد عمل میں آیا۔اس تربیتی و ترغیبی سیشن میں شارپ کالج آف ہوٹل مینجمنٹ سے پروفیسر عرفات مومن اور پرنسپل رشی کیش پاٹل نے بحیثیت رسورس پرسن اور مہمان مقرر شرکت کی۔ سربراہ ادارہ پرنسپل محمد شبیر فاروقی نے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی اور کہا کہ، “ایس ایس سی امتحان بےحد قریب ہیں اور طلبہ کو اپنا بیشتر وقت پڑھائی کے لئے صرف کرنا چاہئے کیوں کہ اچھی کامیابی کے بعد ہی مستقبل کے دروازے آپ پر کھلیں گے۔” کاوئنسلنگ سیشن میں شارپ کالج کے پروفیسر عرفات مومن نے بہترین تربیتی خطاب کیا اور اپنے ترغیبی انداز سے طلبہ کو متاثر کیا۔پروفیسر رشی کیش پاٹل نے ہوٹل مینجمنٹ کے مختلف کورسیز کی معلومات فراہم کی اور ساتھ ہی طلبہ کو امتحان سے پہلے اچھی طرح سے پڑھائی اور سخت محنت کی بھی تلقین کی ۔اس پروگرام کی صدارت چئیرمین نوح خلیل پٹیل نے فرمائی جب کہ نظامت کا فریضہ بہترین انداز میں مجاز بھورے سر نے انجام دیا اور انہی کے ذریعہ رسم شکریہ کی ادائیگی پر یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا-پروگرام کے انعقاد میں معاون ہیڈ ماسٹر شفیع پٹیل،سپروائزر فہیم پٹیل کے ھمراہ نقی بھورے سر،مسیح برڈی سر،مجاز بھورے سر اور دیگر کا پرخلوص تعاون شامل رہا۔