شیو سینا نے جموں کو مستقل دارلحکومت دینے کا مطالبہ کیا

تاثیر  5  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں, 5 دسمبر:شیو سینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر یونٹ نے جموں کو جموں و کشمیر کی مستقل دارالحکومت قرار دینے اور جموں ڈویڑن کے سیاحتی مقامات کو سیاحت کے نقشے پر لانے کے لیے علیحدہ بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے ریاستی مرکزی دفتر میں ان مطالبات کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی صدر منیش ساہنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رقبے اور آبادی کے لحاظ سے کشمیر سے بڑا ہونے کے باوجود جموں ڈویڑن کو اسمبلی اور لوک سبھا نشستوں کے معاملے میں انصاف نہیں دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے ساتھ الحاق کے 77 سالہ تاریخ میں آج تک کوئی ہندو وزیر اعلیٰ نہیں بن سکا۔انہوں نے کہا کہ ان معاملات پر سیاسی فائدہ اٹھانے والی بی جے پی نے اپنی حکومت کے دوران بھی کوئی اقدام نہیں کیا۔ ساہنی کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور ریل کے راستوں کی ترقی نے جموں کی تجارت اور معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ جموں کو مستقل دارالحکومت قرار دینے سے معیشت کو فروغ ملے گا، جموں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات ختم ہوں گے اور انتظامی کام پر موسم اور دہشت گردی کے اثرات کو کم کیا جا سکے گا۔اْنہوں نے جموں ڈویڑن کے سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے علیحدہ بجٹ مختص کرنے اور انہیں سیاحتی نقشے پر شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساہنی نے کہا کہ 2021 میں جموں ڈویڑن کے 38 سیاحتی مقامات کی شناخت کر کے ترقی کے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔ساہنی نے حکومت کی جانب سے مثبت اشارہ نہ ملنے پر ضلعی سطح پر احتجاج شروع کرنے کی دھمکی دی اور عام عوام سے اس مہم کی حمایت کی اپیل کی۔ اس موقع پر خواتین ونگ کی صدر میناکشی چھبّر، ورکنگ صدر جے بھارتی، سکریٹری گیتا لکھوترا، ڈمپل، نیتن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔