سولاپور میں نجی بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں دو افراد ہلاک ، 32 زخمی

تاثیر  29  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 29 دسمبر: سولاپور ضلع کے پنڈھر پور میں بھٹمبورے گاؤں کے قریب اتوار کی صبح بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں دو افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو پنڈھر پور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پنڈھر پور پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، پونے ضلع کی ماول تحصیل سے تقریباً 34 لوگ نندنی ٹریولز کی ایک پرائیویٹ بس میں پنڈھر پور اور بھگوان وٹھل کے درشن کرنے جا رہے تھے۔ آج صبح بھٹمبورے گاؤں کے قریب بس سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مرنے والوں کی شناخت بیبابائی مسالکر اور جنابائی مسالکر کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حادثے میں دیگر 32 افراد زخمی ہوئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر پنڈھر پور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔