تاثیر 20 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ ہند وستان میں پیغام امن و سلامتی لے کرآئے۔ محمد شرجیل رضا
بھیونڈی ( شارف انصاری): سلطان الہند عطائے رسول حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز علیہ الرحمہ کے ۸۱۳؍ ویں عرس کے موقع پر تین بتی رکشا چالک مالک یونین کی جانب سے تین بتی، بھیونڈی سے ۱۸؍واں سالانہ جشن غریب نواز کا انعقاد کیا گیا۔ شرجیل رضا قادری کے صاحبزادے مداح رسول محمد عسجد رضا (رضا برادران) نے نعت و منقبت پیش کی۔
محمد شرجیل رضا قادری نے بیان فرمایا کہ حضرت خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کا فیض کرم صدیوں سے جاری ہے اور بے شمار بندگان خدا ان سے فیضیاب ہوچکے ہیں۔ خصوصاً ہندوستان کے مسلمان آپ کے رہین منّت ہیں ، آپ کی تشریف آوری کی برکت سے یہاں اسلام پھیلا۔ خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ ہندوستان میں پیغام امن و سلامتی لے کر آئے ۔ شاہ وگدا، امیر وغریب، اپنے پرائے سبھی آپ کے در کے سوالی رہے۔ ہند و پاک کے سلاطین و حکمراں کاسۂ گدائی لئے ہمیشہ آپ کے آستانہ پر حاضر ہوتے رہے کیونکہ درحقیقت سلطان الہند آپ ہی ہیں۔
خطاب کے بعد شرجیل رضا صاحب نے دعا کی۔ جناب اسلم کباڑی صاحب (صدر تین بتی رکشا چالک مالک یونین ) اور نوشادبھائی اور ان کے رفقا ء نے رکشا یونین کی طرف سے پھول اور شال کے ساتھ مقرررخصوصی شرجیل رضا قادری اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا اور ساتھ ہی تمام شرکا ء کا شکریہ ادا ۔ اخیر میں چھٹی شریف کی نسبت سے نیاز تقسیم کی گئی۔

