آندھرا پردیش میں ایک نیا میزائل ٹیسٹنگ رینج بنانے کے لئے ایفکانس کمپنی سے معاہدہ 

تاثیر  09  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 جنوری : بھارت نے ایک اور میزائل ٹیسٹ رینج بنانے کے عمل کو تیز کر دیا ہے جو آندھرا پردیش کے علاقے ناگیالنکا میں قائم کیا جائے گا۔ نئی رینج کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم، ٹینک شکن میزائل اور ٹیکٹیکل میزائل سسٹم کی جانچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وشاکھاپٹنم میں اس اہم پروجیکٹ کے لیے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے ممبئی کی کمپنی ایفکانس انفراسٹکچر لیمیٹیڈ کو 1,084.54 کروڑ روپئے کا ٹھیکہ دیا ہے۔ منصوبے کو 36 ماہ میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
ایک طرف بھارت اعلیٰ جنگی صلاحیت کے حامل نئے میزائل تیار کر کے ایرو سپیس کی دنیا میں اپنا تسلط قائم کر رہا ہے تو دوسری طرف بھارتی فوج بھی اپنی فائرنگ رینج بڑھانے کے منصوبے پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی کابینہ کمیٹی برائے سلامتی (سی سی ایس) نے گزشتہ سال اکتوبر میں آندھرا پردیش میں ایک نئی میزائل ٹیسٹ رینج قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔ نئی میزائل رینج آندھرا پردیش کے علاقے ناگیالنکا میں قائم کی جائے گی۔ نئی میزائل ٹیسٹ رینج کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم، ٹینک شکن میزائل اور ٹیکٹیکل میزائل سسٹم کی جانچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔