تاثیر 23 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 23 جنوری :بنگلہ دیش کے بہت زیادہ زیر بحث فیلخانہ قتل عام میں 16 سال سے جیل میں بند نیم فوجی دستے بنگلہ دیش رائفلز (بی ڈی آر) کے 300 سے زائد ارکان (قیدیوں) کی ضمانت پر رہائی کا عمل شروع ہو گیا۔ ان کی رہائی کا عمل آج صبح کیرانی گنج کی ڈھاکہ سینٹرل جیل اور غازی پور کی قاسم پور سینٹرل جیل سے شروع ہوا۔ 25 اور 26 فروری 2009 کو بنگلہ دیش رائفلز کی ایک یونٹ نے ڈھاکہ میں بغاوت کی۔ بنگلہ دیش کی فوجی بغاوت کی تاریخ میں یہ واقعہ سانحہ فیلخانہ اور فیلخانہ قتلِ عام کے طور پر درج ہے۔یونائیٹڈ نیوز آف بنگلہ دیش (یو این بی) کے حوالے سے ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی ڈی آر کے 178 ارکان کو ڈھاکہ سینٹرل جیل سے اور 126 کو قاسم پور سینٹرل جیل سے رہا کیا جائے گا۔ انہیں اتوار کو ڈھاکہ کے خصوصی ٹریبونل-1 کے جج ایم ڈی ابراہیم میاں نے ضمانت دی تھی۔