تاثیر 11 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی میں کالا جادو اور جادو ٹونے کے نام پر ٹھگی کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک بھونڈو بابا نے ایک متاثرہ خاتون کے شوہر اور بیٹے پر کالا جادو کا اثر تا کر اس کا اتارا کرنے کے لئے مردہ جسم کی ضرورت بتا کرجھوٹی کہانی بنا کر 8.87 لاکھ روپے ٹھگ لئے ہے ۔اپنے خلاف شکایت درج ہونے کی خبر سنتے ہی بابا نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملت نگر کی ساکن 46 سالہ نصرت اختر علیم انصاری کا شوہر تقریباً ڈیڑھ سال سے بیمار تھا۔ کافی علاج کے بعد بھی ان کی صحت بہتر نہیں ہو رہی تھی۔ اس دوران متاثرہ خاتون کی اوچت پاڑہ کے طیب ہوٹل کے قریب واقع ایس اے انٹرپرائزز کی دکان پر ان کی ملاقات ایک حضرت بابا سے ہوئی جو وہاں گاہک کی حیثیت سے آئے ہوئے تھے۔ خاتون نے بابا کو اپنے شوہر کی بیماری کے بارے میں بتایا۔ جس کے بعد بابا نے خاتون سے کہا کہ تمہارے شوہر اور بیٹے پر کسی نے کالا جادو کیا ہے۔ اس کو سمجھانے کے لیے بابا نے ایک انڈا لا کر انڈے پر پھونک ماری اور اس میں سے لوہے کا کیل نکال کر دکھایا۔ یہ دیکھ کر عورت اور اس کا بیٹا ہکا بکا رہ گئے اور بابا سے پوچھا کہ اس کا علاج کیا ہے؟ پھر بھونڈو بابا نے خاتون سے کہا کہ اسے اپنے شوہر اور بیٹے پر کیا گیا کالا جادو دور کرنے کے لیے ایک مردہ شخص کی لاش چاہیے۔ لاش کے لیے بابا نے مالیگاؤں میں اپنے ایک دوست سے رابطہ کیا اور اگلے دن شکایت کنندہ خاتون اور اس کا بیمار شوہر مالیگاؤں پہنچے جہاں لاش فراہم کرنے والے شخص نے 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ 8 لاکھ میں سودا طئے کیا گیا۔ چند دنوں کے بعد مذکورہ بابا نے خاتون کو بلایا اور کہا کہ میت آگئی ہے۔ جسے اس نے غیبی نگر علاقہ میں ایک عمارت کی چوتھی منزل پر ایک فلیٹ میں رکھا ہوا ہے۔ یہی نہیں، مذکورہ بابا نے شکایت کنندہ کے موبائل فون پر ایک مردہ شخص کی لاش کی تصویر بھی بھیجی اور کہا کہ کام کو جلد مکمل کرکے لاش کو واپس بھیجنا ہوگا ورنہ لاش سے بدبو آنے لگے گی۔ اس طرح کی جھوٹی کہانیاں سنا کر مذکورہ بابا نے شکایت کنندہ سے 8 لاکھ 87 ہزار روپے ٹھگ لئے ۔ لیکن کچھ دن گزرنے کے بعد اور اپنے بیمار شوہر کی طبیعت میں کوئی بہتری نہ آئی تو خاتون نے بابا سے رقم واپس مانگی لیکن بابا نے رقم واپس کرنے میں تاخیر شروع کردی۔ بابا نے شکایت کنندہ کا فون اٹھانا بھی بند کر دیا۔
جس کے بعد مذکورہ خاتون نے شانتی نگر پولیس میں بابا کے خلاف شکایت درج کرائی۔ جہاں شانتی نگر پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فرضی بابا حضرت علی کو گرفتار کرلیا۔ جس کے خلاف پولیس نے جادو ٹونہ امتناع ایکٹ کی مختلف دفعات بشمول بی این ایس کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ مذکورہ جعلی بابا نے اس سے کچھ رقم نقدی اور کچھ رقم فون ایپ کے ذریعے لی۔ جس پر بابا کا نام امجد اسد خان ہے۔
گرفتار بابا نے پولیس کو بتایا کہ اس نے گوگل سے مردہ شخص کی لاش کی تصویر ڈاؤن لوڈ کرکے خاتون کو بھیجی تھی۔ پولیس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر بھیگاردیو کیس میں مزید کارروائی کررہے ہیں۔