بی جے پی نے دہلی کی آپ حکومت پر مالی بدانتظامی کا الزام لگایا

تاثیر  04  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 4 جنوری : بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بار پھر دہلی کی عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے ہفتہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں آپ حکومت پر مالی بدانتظامی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کہا تھا کہ دہلی میں ایک سنگین ‘ آ پدا’ آئی ہے۔ دہلی کی معاشی حالت کمزور ہوتی جارہی ہے۔ دہلی کو مسلسل نقصان ہو رہا ہے۔ مرکزی حکومت سے ملنے والی امداد پر انحصار مسلسل بڑھ رہا ہے۔
آج مرکزی حکومت سے ملنے والے فنڈز میں 3 گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر ترویدی نے کہا کہ دہلی میں آپدا کا ایک سلسلہ ہے، جس کا یہاں کے لوگ گزشتہ 10 سالوں سے سامنا کر رہے ہیں، لیکن آج ہم ایک سنجیدہ موضوع پر اپنا موقف پیش کریں گے اور ہر روز ایک آپدا کے بارے میں بتائیں گے۔