تاثیر 06 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دمشق،06جنوری:شامی ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) اور ترکیہ کے وفادار گروپوں کے درمیان شمال مشرقی شام میں کئی ہفتوں سے جھڑپیں جاری ہیں۔ العربیہ اور الحدث
کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ ایس ڈی ایف نے شمالی شام میں منبج کے دیہی علاقوں اور تشرین ڈیم پر کئی حملوں کا سامنا کیا اور ان کا جواب دیا ہے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق اتوار کی صبح تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے نتیجے میں دو دنوں میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آبزرویٹری نے کہا کہ اتوار کی صبح تک دونوں طرف سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 101 تک پہنچ گئی ہے۔ ترکیہ کے وفادار گروپوں کے 85 اور ایس ڈی ایف اور اس سے منسلک فوجی فارمیشنز کے 16 ارکان جاں بحق ہوئے ہیں۔