تاثیر 06 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 جنوری :آج یہاں کانگریس کے ریاستی صدر دفتر میں اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس نے دہلی میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ’پیاری دیدی یوجنا‘ شروع کرنے کی گارنٹی دی ہے۔ کرناٹک کی طرز پر، اگر دہلی میں حکومت بنتی ہے، تو کانگریس مقامی خواتین کو ’پیاری دیدی یوجنا ‘کے تحت ہر ماہ ڈھائی ہزار روپے دے گی۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور پارٹی کے دہلی ریاستی انچارج قاضی نظام الدین،ریاستی صدر دیویندر یادو،کانگریس خواتین ونگ کی قومی صدراور کالکا جی اسمبلی حلقہ سے وزیراعلیٰ آتشی کے خلاف امیدوار الکا لامبا،کانگریس پارٹی کی قومی ترجمان اوروزیرپور اسمبلی حلقہ سے امیدوار راگنی نائک نے پیر کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بھرے ہال میں پریس کانفرنس میں مذکورہ بالاگارنٹی کا اعلان کیا۔ کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ آج میں یہاں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ’پیاری دیدی یوجنا‘گارنٹی کا اعلان کرنے آیا ہوں۔