دہلی انتخابات کا اعلان، 5 فروری کو ووٹنگ، 8 تاریخ کو ووٹوں کی گنتی

تاثیر  07  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 7 جنوری : الیکشن کمیشن نے منگل کے روز دہلی میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ دہلی میں انتخابات ایک ہی مرحلے میں ہوں گے، جس کے تحت 5 فروری کو تمام 70 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ انتخابات کے نتائج 8 فروری کو آئیں گے۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی دہلی میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ(مثالی ضابطہ اخلاق ) نافذ ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اتر پردیش میں ملکی پور اور تمل ناڈو میں ایروڈ اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کیا۔ ان دونوں سیٹوں پر ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی دہلی انتخابات کے ساتھ ہی ہوگی۔وہیں،جموں و کشمیر کے بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی حلقوں میں برف باری کی وجہ سے بعد میں ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اپنے ساتھی الیکشن کمشنروں کے ساتھ منگل کو یہاں وگیان بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دہلی اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کا نوٹیفکیشن 10 جنوری کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 17 جنوری ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 18 جنوری ہوگی۔ 20 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکتے ہیں۔ ووٹنگ 05 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔ تکنیکی پہلو پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 10 فروری سے پہلے مکمل کر لیا جانا چاہیے۔ دہلی اسمبلی کی موجودہ مدت 23 فروری کو ختم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی راجدھانی میں ایک کروڑ 55 لاکھ 24 ہزار 858 رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔ ان میں سے 83,49,645 مرد، 71,73,952 خواتین اور 1261 تیسری صنف کے رائے دہندگان ہیں۔ ان میں 18-19 سال کی عمر کے 52,554 ووٹرز کو شامل کیا گیا ہے، جو پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ 70 پولنگ اسٹیشن خواتین کے ذریعے چلائے جائیں گے۔ دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں میں سے 58 جنرل اور 12 ریزرو ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بڈگام اور نگروٹہ میں برف باری کے باعث ضمنی انتخابات بعد میں کرائے جائیں گے۔ ساتھ ہی، اتر پردیش میں ملکی پور اور تمل ناڈو کی ایروڈ اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا۔ ملکی پور سیٹ ایم ایل اے اودھیش پرساد کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ ایروڈ کے ایم ایل اے کی موت کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوئی ہے۔