دہلی کا بُراڑی حادثہ، ریسکیو آپریشن میں بڑی کامیابی، ایک ہی خاندان کے چار افراد کو 33 گھنٹے بعد ملبے سے بحفاظت نکالا گیا

تاثیر 29  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 جنوری : قومی راجدھانی دہلی کے شمالی ضلع کے بُراڑی میں واقع کوشک انکلیو میں چار منزلہ عمارت کے ملبے سے راحت اور بچاؤ آپریشن میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ راحت اور بچاؤ ٹیموں نے بدھ کی صبح تقریباً 3 بجے تقریباً 33 گھنٹے کے بعد چار لوگوں کو بحفاظت نکال لیا۔ ان میں میاں- بیوی اور ان کے دو بچے (نابالغ) شامل ہیں۔ چاروں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ اسپتال میں 16 افراد زیر علاج ہیں۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کے گرنے کی اطلاع پیر کی شام ملی تھی۔ تب سے محکمہ فائر بریگیڈ کی ٹیم ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ شمالی ضلع کے ڈی سی پی راجہ بنتھیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایک ہی خاندان کے چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ گیس سلنڈر پر لنٹر گرنے کی وجہ سے درمیان میں جگہ بن گئی۔ یہ چار لوگ وہیں پھنس گئے تھے۔