تاثیر 09 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تھانے، 9 جنوری:پولیس نے بتایا کہ مہاراشٹر کے نوی ممبئی ٹاؤن شپ میں جمعرات کی صبح ایک بس میں اچانک آگ لگ گئی۔بس میں سوار تمام 22 مسافر بال بال بچ گئے۔ پولیس کے مطابق، واقعہ کے دوران کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، نئی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ ( این ایم ایم ٹی) کی بس میں یہ آگ تقریباً 10:30 بجے کلیان-شلفاٹا روڈ پر مانپاڑا حدود میں رنوال چوک کے قریب لگی۔ آگ لگتے ہی ڈرائیور نے فوراً بس کو روکا اور مسافروں کو بس سے نیچے اْترنے کی ہدایت دی۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق، ڈرائیور نے خود بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گاڑی سے چھلانگ لگائی۔
پولیس نے فوری طور پر سڑک کے دونوں طرف ٹریفک کو روک دیا تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) پنکج شرسٹ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے 30 منٹ کے اندر پانی کے ٹینکر کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا۔