تاثیر 04 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دہلی،این سی آر سمیت پورا شمالی ہند ان دنوں کڑاکے کی سردی اور دھند کی زد میں ہے۔شمالی ہند کی کئی ریاستوں بشمول جموں و کشمیر، پنجاب، ہماچل پردیش، راجستھان، ہریانہ، اتر پردیش اور بہار میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔ بے انتہا سردی کی وجہ سے بعض مقامات پر اورنج اور یلو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی دہلی میں سردی کے ساتھ دھند بھی رہے گی۔ دہلی،این سی آر میں کل 6 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہونا طے ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں ایک دو دنوں تک ٹھٹھرن اور دھند کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ دیر رات اور صبح کے اوقات میں ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے مضافاتی علاقوں میں بہت گھنی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اتر پردیش اور بہار میں بھی شدید سردی ہے۔ گہری دھند کی وجہ سے وزبلیٹی بھی بہت کم ہو گئی ہے۔ کئی مقامات پر تو حد نگاہ ن50 سے 100 میٹر رہ گئی ہے۔ یوپی میں انتہائی گھنی دھند کے حوالے سے وارننگ جاری کی گئی ہے۔شمالی ہند کے اہم مقامات پر زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجۂ حرارت آج کیا ہوگا، محکمہ موسمیات نے اس کی پیشین گوئی کچھ اس طرح کی ہے : دہلی (10-18)، نوئیڈا (10-20)، غازی آباد (10-17)، لکھنؤ (11-18)، پٹنہ (11-17)، جے پور (10-27)، بھوپال (8-27)، ممبئی (18-34)، احمد آباد (13-32)، جموں (9-14)۔ کشمیر کے بیشتر علاقے پچھلے کئی دنوں سے تباہ کن سردی کے دور سے گزر رہے ہیں۔ درمیانی اور بلندی والے علاقوں میں شدید برف باری ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اعتدال سے مضبوط مغربی ڈسٹربنس جموں و کشمیر کو متاثر کرنے کا امکان ہے اور زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری ہوسکتی ہے اور یہ صورتحال ہفتہ کی رات سے پیر کی صبح تک اپنے عروج پر رہ سکتی ہے۔ٹھنڈ سے بچنے کے لئےسیاح بعض مسجدوں اورعوامی گھروں میں پناہ لے رہے ہیں۔۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک دو دنوں تک کشمیر اور وادیٔ چناب کے درمیانی اور بلندی والے علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔اِدھر راجستھان کے بیشتر حصوں میں ایک دو دن سے درجہ حرارت میں تھوڑے اضافے سے شدید سردی سےقدرے راحت ملی ہے۔حالانکہ کچھ حصوں میں دھند اور سردی جاری ہے۔ریاست میں کچھ مقامات پر بہت گھنی دھند ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک موسم ایسا ہی رہے گا اور اس دوران بیکانیر ڈویژن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
جھارکھنڈ میں بھی کل سے سردی کی لہر جاری ہے۔وہاں درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہا اور کھونٹی میں سب سے کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ٹی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ اس کے بعد اگلے تین دنوں میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔اتر پردیش اور بہار بھی سردی کی لہر اور دھند کی زد میں ہے۔ تیز ہواؤں نے عام زندگی کو بڑی طرح سے متاثر کر دیا ہے۔بہار کی راجدھانی پٹنہ اور مظفر پور سمیت کئی اضلاع میں کنکنی اور شدید دھند کا اثر دیکھا جا رہا ہے۔ پٹنہ، دربھنگہ، بھاگلپور، سپول، نالندہ، مدھوبنی، سہرسہ، ویشالی، پورنیہ، سیتامڑھی، شیوہر،مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سارن، مظفر پور، ویشالی، سمستی پور، دربھنگہ، مدھوبنی، سپول، ارریہ، کشن گنج، پورنیہ، مدھے پورہ، سہرسہ، کھگڑیا، بھاگل پور ،بکسر، بھبھوا، روہتاس، بھوجپور،،ارول، اورنگ آباد، جہان آباد، نالندہ، شیخ پورہ، گیا، نوادہ، لکھی سرائے،بیگوسرائے ، بھاگلپور اور بانکا وغیرہ اضلاع میں اگلے 24 گھنٹے تک سرد لہر کی پیشین گوئی کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی موسمیاتی مرکز، پٹنہ نے اپنے اپڈیٹ میں کہا ہے کہ بہار کے 24 اضلاع میں ایک دو دن تک اسی طرح کی ٹھنڈک او رشدید دھند برقرار رہے گی۔لوگوں سے الرٹ رہنے کو کہا گیا ہے۔
سردیوں کا موسم جلد، جسم اور سرگرمیوں پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اس موسم میں بھوک بڑھتی اور جسمانی مشقت کم ہو جاتی ہے۔ تاہم، صحت مند عادات اپنانے سے سردیاں صحت اور خوبصورتی کے لیے رحمت بن سکتی ہیں۔ صبح ورزش کرنا، جیسے جاگنگ اور چہل قدمی ، جسم کو حرارت اور چستی فراہم کرتی ہے۔ سردی میں غذائیت سے بھرپور ناشتہ ضروری ہے، جس میں پروٹین، دودھ، پنیر، اناج، اور تازہ پھل شامل ہوں۔ گرم سوپ کا استعمال بھی فائدہ مند ہے۔گرم اور گہرے رنگ کے کپڑے پہنیں، دستانے اور موزے ضرور استعمال کریں۔ یہ جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔ پیدل چلنا سردی کم کرنے اور خون کی گردش بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ لفٹ کی جگہ سیڑھیاں چڑھنے کو ترجیح دیں اور فارغ وقت میں تیز رفتاری سے چلیں۔سردی میں بہت گرم یا ایئرکنڈیشنڈ کمرے میں سونا مناسب نہیں کیونکہ یہ جسم کو سست کر سکتا ہے۔ جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے موئسچرائزر اور کولڈ کریم استعمال کریں۔ پیٹرولیم، لینولین، منرل آئل اور گلیسرین جلد کی حفاظت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ آسان تدابیر سردیوں کے مزے دوبالا کر سکتی ہیں۔لیکن سردی کے موسم میں جو سب سے زیادہ اور سب سے پہلی ضرورت ہےوہ سرد لہر سے بچاؤ ہے۔ بچوں اور ضعیف العمر لوگوں کے لئے یہ موسم بڑا ہی نازک ہوتا ہے۔ لہٰذا، ان کی حفاظت ترجیحی بنیاد پر ہونی چاہئے۔