سڑک حادثہ میں بی ایس ایف کے چار جوان شدید زخمی

تاثیر  16  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دھوبڑی (آسام)، 16 جنوری: ضلع کے تحت بیلگوری میں بدھ کی رات نیشنل ہائی وے-17 پر ایک سڑک حادثے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی فوجیوں کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں مغربی بنگال کے مشن اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔معلومات کے مطابق، بی ایس ایف کی 66 ویں بٹالین کے جوانوں کو لے کر کل رات کوچبہار سے دھوبڑی کی طرف جا رہی تھی، اسی دوران بیلگوری میں نیشنل ہائی وے-17 پر بی ایس ایف کے جوانوں کی گاڑی دھوبری سے مغربی بنگال کی طرف جا رہے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں فوجیوں کو لے جانے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور گاڑی میں سوار بی ایس ایف کے چار جوان شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اگامی کی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر مقامی اگامی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا۔ اس کے بعد فوجیوں کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں مغربی بنگال کے مشن اسپتال منتقل کیا گیا۔