تاثیر 16 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 جنوری : دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سندیپ دکشت کی طرف سے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی مارلینا اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف دائر مجرمانہ ہتک عزت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف ایڈیشنل جوڈیشل مجسٹریٹ پارس دلال نے آتشی مارلینا اور سنجے سنگھ کو 27 جنوری کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔
سندیپ دکشت نے درخواست میں کہا ہے کہ آتشی مارلینا اور سنجے سنگھ نے 26 دسمبر 2024 کو پریس کانفرنس کی۔ الزام لگایا گیا کہ سندیپ دکشت نے بی جے پی سے کروڑوں روپے لئے ہیں۔ سندیپ دکشت بی جے پی کے ساتھ مل کر عام آدمی پارٹی کو ہرانے کی سازش میں ملوث ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آتشی مارلینا اور سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس میں جو کچھ کہا وہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔