عمران خان کی پارٹی نے حکومت سے مذاکرات بند کر دیئے

تاثیر  23  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

اسلام آباد، 23 جنوری : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان، جو ایک سال سے زائد عرصے سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، نے وفاقی حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے آج راولپنڈی میں صحافیوں کو پارٹی بانی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔جیو نیوز کی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سات دنوں میں جوڈیشل کمیشن قائم کرنے میں ناکامی کے باعث عمران خان نے مذاکرات منسوخ کر دیے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے سینئر رکن بیرسٹر گوہر علی خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل (راولپنڈی سینٹرل جیل) کے باہر عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خان نے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیر پر مایوسی کا اظہار کیا۔