تاثیر 17 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع میں ایس ٹی ایف اور مقامی پولس کی طرف سے تین روزہ چھاپے میں ایک بڑے بین ریاستی لاٹری گینگ کا پردہ فاش کیا گیا ہے ۔ شاہ آباد زون کے ڈی آئی جی ستیہ پرکاش اور روہتاس کے ایس پی روشن کمار نے بتایا کہ چناری تھانہ علاقہ کے خرم آباد میں واقع ایک رائس مل میں لاٹری کا یہ کاروبار بڑے پیمانے پر چل رہا تھا، تقریباً 45 کروڑ روپئے کی لاٹری اور 4 کروڑ روپئے مالیت کا لاٹری ٹکٹ بنانے کا سامان و مشین برآمد ہوا ہے ۔ اس کاروبار میں تقریباً 150 مزدور کام کر رہے تھے جو کہ رائس مل کی باؤنڈری وال کے اندر رہتے تھے، جہاں ان کو کھانا، پانی، ناشتہ وغیرہ فراہم کیا جاتا تھا، وہاں ادویات کے ساتھ مشین کی مرمت کے تمام انتظامات تھے ۔ روہتاس کے ایس پی روشن کمار نے بتایا کہ لاٹری کا یہ کاروبار بہار، جھارکھنڈ اور ناگالینڈ کے ساتھ کئی ریاستوں میں پھیلا ہوا تھا، اس گینگ کا سرغنہ پون جھنجھن والا ہے جو پہلے ہی کئی بار لاٹری کے معاملات میں گرفتار ہو چکا ہے، اس گینگ نے 2024 میں اس رائس مل میں کاروبار شروع کیا تھا، جبکہ اس سے پہلے یہ کاروبار جھارکھنڈ کے دھنباد میں چلایا جا رہا تھا ۔ فی الحال، اقتصادی جرائم ونگ (ED) اور دیگر متعلقہ حکام کو اس معاملے کی تفصیل سے تحقیقات کرنے کیلئے مطلع کیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی ستیہ پرکاش نے کہا کہ یہ پولس کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے اور نئے قانون کے تحت غیر قانونی املاک کو ضبط کرنے کا عمل بھی شروع کیا جائیگا، اس کے علاوہ اس معاملے میں ایک ایس آئی ٹی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جسکی قیادت ڈی ایس پی کر رہے ہیں اور اسکی نگرانی ایس پی روہتاس روشن کمار کرینگے ۔ یہ معاملہ روہتاس ضلع میں اب تک کا سب سے بڑا لاٹری مافیا۔ معاملہ سمجھا جا رہا ہے ۔