!خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے

تاثیر  01  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئے سال 2025 کے سفرکا آج دوسرا دن ہے۔یہ سال متعدد نئی تبدیلیوں کا گواہ بن چکا ہے۔نئے سال میں اقتصادی محاذ پر بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں۔ قوانین و ضوابط میں بھی تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ان تبدیلیوں کا سب سے زیادہ فائدہ پنشنرز کو ملنے والا ہے۔  2025 میں بینکوں کے فکسڈ ڈپازٹ قوانین، کریڈٹ کارڈ کے فوائد اور ویزا قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔اس سال سے ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن(ای پی ایف او) پنشن کی رقم نکالنے کے قوانین کو آسان بنا رہا ہے۔ اب پنشنرز اپنی پنشن کی رقم کسی بھی بینک سے نکال سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں کسی اضافی تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نیا ضابطہ ضعیفی پنشنرز کے لیے بھی بڑی راحت کا سبب بنے گا۔ان کے علاوہ ملازمین کی پنشن اسکیم کے 78 لاکھ ممبران بھی اس نئے سال میں نئی سہولت کا فائدہ حاصل کر سکیں گے۔نئے سال میں اے ٹی ایم سے پی ایف کی رقم نکالنے کی سہولت اور ای پی ایف کنٹری بیوشن کی حد کو ختم کرنا شامل ہے۔اس نئے سال سےریزرو بینک آف انڈیا نے غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں اور ہاؤسنگ فنانس فرموں کے لیے فکسڈ ڈپازٹ کے قوانین میں تبدیلی کی ہے۔ایف ڈی کے نئے قوانین رواں ماہ سے ہی لاگو ہوں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیا 1 جنوری، 2025 سے تھرڈ پارٹی فل پری پیڈ ادائیگی کے آلات کے ذریعے یو پی آئی ادائیگیوں کو قابل بنائے گا۔ یہ اقدام یو پی آئی ادائیگی کے نقطہ نظر سے صارفین کے لیے لچکدار ہوگا۔ اس اقدام سے پی پی آئی والیٹ ہولڈرز کو تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز کویو پی آئی کے ذریعے لین دین کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ ساتھ ہی، فیچر فون صارفین کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے شروع کی گئی یو پی آئی پے سروس میں بھی لین دین کی حد بڑھا دی گئی ہے۔ پہلے اس سروس کے تحت زیادہ سے زیادہ 5000 روپے تک کی ٹرانزیکشن کی جا سکتی تھی لیکن اب یہ حد کم کر کے 10,000 روپے کر دی گئی ہے۔ یہ سہولت یکم جنوری 2025 سے دستیاب ہوگی۔
  اس نئے سال میں مالی سال 2023-24 31 کی آمدنی کے لیے نظر ثانی شدہ اور تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ اسے دسمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ تاخیر سے آئی ٹی آر سے مراد محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے جاری کردہ آخری تاریخ کے بعد ریٹرن داخل کرنے کا عمل ہے۔ اگر ٹیکس دہندگان کے گوشوارے میں غلطیاں ہیں تو وہ 15 جنوری تک ترمیم شدہ ریٹرن بھی فائل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ہندوستانی جو تھائی لینڈ، امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک میں ویزا کے لیے درخواست دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، انہیں ویزا کے رہنما خطوط کے نئے اپ ڈیٹس سے آگاہ ہونے کی ضرورت ہے، جو سال 2025 میں نافذ ہو رہی ہیں۔ اس نظام کو دنیا کے ایک بڑے حصے تک رسائی کے قابل بنایا جائے گا۔  امریکہ نے بھی 2025 میں اپنی ویزا پالیسی میں کئی تبدیلیوں کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں ایچ ون بی  ویزا جیسے زمرے شامل ہیں، جو 2025 میں نافذ العمل ہوں گے۔ ہندوستانی شہری جو 2025 میں ویزا کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں انہیں 17 جنوری 2025 سے فارم I-129 کا نیا ورژن بھرنا ہوگا۔ برطانیہ نے بھی نئے سال میں ویزا قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانیہ نے ویزا درخواست دہندگان کے لیے درکار مالیاتی ذخائر کے فیصد میں اضافہ کیا ہے۔ جنوری 2025 سے، یو کے ویزا کے لیے درخواست دینے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کو موجودہ ضرورت سے کم از کم 11 فیصد زیادہ مالیاتی ذخائر دکھانا ہوں گے۔اس کے علاوہ 1 جنوری سے، روپےکریڈٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے لاؤنج میں داخلے سے متعلق قوانین بدل گئے ہیں۔ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی)کی طرف سے روپے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کے لیے جاری کردہ رہنما خطوط یکم جنوری 2025 سے لاگو ہوں گے۔ نظرثانی شدہ تبدیلی میں ہوائی اڈے کے لاؤنج تک رسائی کے لیے درجے کی بنیاد پر اخراجات کا تعین کرنا شامل ہے۔
سینسیکس، بینکیکس اور سینسیکس 50 انڈیکس ڈیریویٹیو کنٹریکٹس کی میعاد ختم ہونے کی تاریخوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ سنسیکس، بینکیکس اور سینسیکس 50 کے تمام ماہانہ معاہدے 1 جنوری 2025 کے بعد آخری منگل کو ختم ہو ں گے۔ فی الحال، ان کے لیے موجودہ میعاد ختم ہونے کے دن بالترتیب آخری جمعہ، آخری سوموار اور جمعرات ہیں۔ واضح ہو کہ پٹرولیم کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی یا ایل پی جی کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ اگرچہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر (14.2 کلوگرام) کی قیمت میں پچھلے کئی مہینوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، لیکن پچھلے مہینوں میں کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں کئی بار تبدیلی کی گئی ہے۔ یکم جنوری 2025 سے بدھ کو ہوا بازی کے ایندھن (اے ٹی ایف) کی قیمت میں 1.5 فیصد کمی کی گئی۔ کمرشل ایل پی جی (کھانا پکانے والی گیس)کی قیمت میں 14.5 روپے فی 19 کلو سلنڈر کی کمی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ یکم جنوری 2025 سے ایمیزون پرائم ممبرشپ کے قوانین میں تبدیلی کر دی گئ ہے۔ نئے قوانین کے تحت پرائم ویڈیو سے متعلق پروگرام ایک پرائم اکاؤنٹ سے صرف دو ٹی وی پر نشر کیے جا سکتے ہیں۔ اگر کوئی تیسرے ٹی وی پر پرائم ویڈیو دیکھنا چاہتا ہے تو اسے علیحدہ سبسکرپشن لینی ہوگی۔ان تبدیلیوں میں ایک تبدیلی یہ بھی شامل ہے کہ نئے سال میں گاڑی خریدنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔ اور ایک تبدیلی یہ رونما ہونے والی ہے کہ امریکہ میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت اس نئے سال کی تاریخ  20 جنوری سے شروع ہورہی ہے۔امید کی جا رہی ہے کہ اس دور میں ٹرمپ ملکی سطح پر ایسا ماحول بنانے کی کوشش کریں گے ،جس میں ترقی پر زور دیا جائے گا اور نئی ملازمتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت سمیت کئی ممالک کے ساتھ امریکہ کی تجارتی پالیسیوں میں بھی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کی معیشت بھی متاثر ہوگی۔ توقع ہے کہ ٹرمپ دنیا کے مختلف حصوں میں جاری کشیدگی کے خاتمے کی طرف بھی پہل کریں گے۔ اگر ایسا ہو جائے تو عالمی معیشت میں جاری چیلنجز کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ نئے سال سے مزید کئی مثبت تبدیلیوں کی امید کے ساتھ دعا کی جا رہی ہے کہ’ خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے !‘
****