رحمانی فاؤنڈیشن کے واقف نواب صلاح الدین خان کا انتقال،حضرت امیر شریعت کا اظہار تعزیت

تاثیر  01  جنوری ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مونگیر(پریس ریلیز) 31 دسمبر2024، مرحوم نواب صلاح الدین خان، جنہوں نے اپنی تاریخی کوٹھی “نواب کوٹھی” یا “راٹن ہاؤس” کو ایک عظیم تعلیمی، رفاہی اور سماجی مقصد کے لیے وقف کر دیا تھا، 90 برس کی عمر میں شکاگو میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے پیرانہ سالی کے سبب مختلف امراض کا شکار تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر اور رحمانی فاؤنڈیشن کا ماحول سوگوار ہوگیا ۔

نواب صلاح الدین خان نے اپنی کوٹھی کو رحمانی فاؤنڈیشن کے لیے وقف کر کے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جو آج بھی تعلیمی، سماجی اور رفاہی خدمات کے حوالے سے ایک درخشاں مثال ہے۔ان کے وقف کرنے کے بعد امیر شریعت سابع مفکر اسلام مولانا محمد ولی صاحب رحمانی نور اللہ مرقدہ نے جس جانفشانی اور اخلاص کے ساتھ نواب کوٹھی کو رحمانی فاؤنڈیشن جیسے عظیم ادارے کی شکل دی وہ روز روشن کی طرح عیاں اور اخلاص کا مثالی نمونہ ہے۔ اس کوٹھی میں ابتدا میں رحمانی ہیلتھ کیئر اور رحمانی کمپیوٹر سینٹر قائم کیا گیا، جو آج رحمانی 30، رحمانی اسکول آف ایکسیلنس، رحمانی بی ایڈ کالج اور دیگر اداروں کی شکل میں پورے ملک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان خدمات میں مذہب و ملت کی تفریق کے بغیر ہر سال سیکڑوں افراد کی آنکھوں کی روشنی بحال کرنا ایک نمایاں عمل ہے، جو انسانیت کے لیے ان کی لگن اور خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نواب صلاح الدین خان کے انتقال پر جامعہ رحمانی اور رحمانی فاؤنڈیشن کے سرپرست امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان والوں سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل نصیب کرے۔

حضرت امیر شریعت نے اپنے تعزیتی پیغام میں فرمایا کہ نواب صلاح الدین خان صاحب کی زندگی انسانیت کی خدمت اور قربانی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے اپنی کوٹھی وقف کر کے یہ ثابت کیا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے زمین و جائیداد سے بڑھ کر کوئی اور قربانی نہیں ہو سکتی۔ ان کے اس عظیم عمل کے سبب آج ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور بے شمار ضرورت مندوں کی مدد ہو رہی ہے۔ ان کا انتقال ہمارے لیے ایک بڑا نقصان ہے، مگر ان کی قربانیوں کا سلسلہ ان  اداروں کے ذریعے جاری رہے گا۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ان کے درجات کو بلند فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر عطا کرے۔

اس موقع پر جامعہ رحمانی میں طلبہ و اساتذہ نے مرحوم کے لیے قرآن خوانی اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا۔ جامعہ رحمانی کے جنرل سکریٹری الحاج مولانا محمد عارف صاحب رحمانی اور رحمانی فاؤنڈیشن کے سکریٹری جناب مولانا صالحین صاحب ندوی نے بھی نواب صلاح الدین خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ان شاءاللہ ۔