وزیر اعظم نے دہلی کو 4500 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا تحفہ دیا

تاثیر  03  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 3 جنوری : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو دہلی کے اشوک وہار میں منعقد ایک پروگرام میں ریموٹ بٹن دبا کر قومی راجدھانی کے باشندوں کو 4500 کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا تحفہ دیا۔ اس میں جے جے کلسٹر کے رہائشیوں کے لیے 1,675 فلیٹس ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں سے وابستہ پروجیکٹس ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج افتتاح کیے گئے پروجیکٹ دہلی کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
سب کے لیے مکانات کے اپنے عہد کے مطابق، وزیر اعظم نے آج اشوک وہار میں کچی آبادیوں کے لیے بنائے گئے سوابھیمان اپارٹمنٹس میں 1,675 فلیٹوں کا افتتاح کیا۔ یہ کچی آبادیوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ان فلیٹس کا افتتاح کیا اور سوابھیمان اپارٹمنٹس کی چابیاں بھی اہل استفادہ کنندگان کے حوالے کیں۔وزیراعظم نے دو شہری تعمیر نو کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ نوروجی نگر اور سروجنی نگر میں مکمل کیے گئے ہیں۔ نوروجی نگر میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر نے 600 سے زیادہ خستہ حال کوارٹرز کو جدید ترین کمرشل ٹاورز سے تبدیل کر کے اس علاقے کو نئی شکل دی ہے۔ اس نے جدید سہولیات کے ساتھ تقریباً 34 لاکھ مربع فٹ پریمیم کمرشل جگہ فراہم کی ہے۔ سروجنی نگر میں جی پی آر اے ٹائپ II کوارٹر 28 ٹاورز پر مشتمل ہے۔