تاثیر 23 جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع تلوتھو بلاک کے چندن پورہ پنچایت میں سرکاری زمین پر لگائے گئے بجلی کے کھمبے کو لیکر ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے، برسوں سے اس کھمبے کے ذریعہ پورے علاقے کو بجلی فراہم کی جا رہی تھی لیکن حال ہی میں کچھ سماج دشمن عناصر نے اس سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے چھت کی کاسٹ حاصل کر لی ہے ۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب محکمہ برقیات تلوتھو کے جونیئر انجینئر نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کارروائی کی بجائے محکمہ نے اب دوسرے گھر کے سامنے بجلی کا نیا کھمبہ لگانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ اس سے سماج دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے ۔ علاقائی باشندوں کا الزام ہے کہ محکمہ اس پورے معاملے میں سرکاری زمین پر پہلے سے لگائے گئے کھمبے کو ہٹانے کے بجائے کسی اور جگہ نیا کھمبا لگانے کی تیاری کر رہا ہے جس سے تنازعات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ متذکرہ معاملے کے حوالے سے علاقائی لوگوں نے اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پورے معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو، اسکے علاوہ معاملے کے حل ہونے تک نئے کھمبے لگانے کا کام روک دیا جائے ۔ اہل علاقہ نے انتباہ بھی کیا ہے کہ اگر متذکرہ معاملے میں درست اور منصفانہ کارروائی نہ کی گئی تو وہ اعلیٰ حکام سے شکایت بھی کرینگے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کرینگے ۔ اس پورے تنازعہ کی وجہ سے محکمہ بجلی کی غیر فعالی اور شفافیت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، اب دیکھنا ہے کہ محکمہ برقیات متذکرہ معاملے میں کیا قدم اٹھاتا ہے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے یا نہیں ۔