ڈکیتی کی مخالفت کرنے پر بدمعاشوں نے کی گولی و بمباری

تاثیر  06  جنوری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(رقیہ آفرین)ضلع کے کرسا کانٹا تھانہ علاقہ کے بالچندا گاؤں میں کل دیر رات ڈاکوؤں نے ایک کریانہ کی دکان میں جم کر تانڈو مچایا۔ 15 کی تعداد میں لوٹ کی نیت سے پہونچے مسلح بدمعاشوں نے دکاندار کے احتجاج پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گولہ باری بھی کی۔ جس میں دکاندار کے بیٹے کو بازو میں گولی لگی جبکہ دو دیگر افراد بم  سے شدید زخمی ہوگئے۔ فی الحال تمام زخمی  پورنیہ کے میکس اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ڈاکوئوں نے متاثرہ دکاندار کے گھر سے ایک لاکھ روپے نقدی بھی لوٹ لی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ارریہ ایس پی اور اے ایس پی بھی اپنی ٹیم کے ساتھ دیر رات ہی موقع واردات پر پہنچے اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی۔ معاملے کو لے کر ایس ڈی پی او رام پکار سنگھ کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وہیں ایف ایس ایل کی ٹیم نے بھی جائے حادثہ پہنچ کر معاملے کی چھان بین کی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام آئے ہیں۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاٹھی اور ہتھیاروں سے لیس قریب ڈیڑھ درجن ڈاکو دکان میں داخل ہو کر دکاندار کے ساتھ مار پیٹ کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی بدمعاشوں نے دکان میں نصب کمپیوٹر بھی توڑ ڈالا۔ متاثرہ دکاندار مہندر پرساد کیشری نے بتایا کہ ڈکیتی کی واردات کرنے میری دکان پہنچے ہتھیار بند بدمعاش، پہلے اس کی دکان میں داخل ہوئے اور اسے مارنا شروع کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے پہلے سیڑھی کے ذریعے گھر کی چھت پر چڑھنے کی کوشش کی۔ جب وہ اندر نہ جا سکا تو دکان کے پیچھے کا دروازہ توڑ کر دکان کے اندر داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کی۔ وہیں تفتیش کے دوران جائے وقوع سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر شراب کی بوتلیں اور خون کے چھینٹے پائے گئے ہیں۔وہیں معاملے کے متعلق ایس پی دفتر سے ایک پریس ریلیز جاری کر کہا گیا ہے کہ سوموار کی رات تقریباً 1 بجے کے قریب 15 نامعلوم بدمعاشوں نے کرسا کانٹا تھانہ علاقہ کے تحت وارڈ نمبر 15 کے  بالچندا گاؤں میں کریانہ دکاندار مہیندر پرساد کیشری کی دکان کا دروازہ پیچھے سے کٹر سے کاٹ کر داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران دکاندار کے اہل خانہ کے بیدار ہو جانے کے بعد احتجاج کرنے  پر بدمعاشوں نے فائرنگ اور بمباری شروع کر دیا۔ جس کی وجہ سے دکاندار مہندر پرساد کیشری کے بیٹے اجیت کیشری کو دائیں بازو میں گولی لگی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔ معاملے کی جانچ کے لیے ایف ایس ایل ٹیم اور ڈاگ سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے ڈی آئی یو ٹیم کی جانب سے تکنیکی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔ جائے وقوع پر کیمپ لگا کر مکمل تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس واقعے میں ملوث بدمعاشوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سب ڈویژنل پولیس افسر، ارریہ کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بدمعاشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اور اس واقعہ کے تعلق سے کرسا کانٹا پولس تھانہ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے