تاثیر 23 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام)پٹنہ-پورنیہ ایکسپریس وے کا الائنمنٹ تیار ہے۔ چھ لین والی یہ سڑک 244.93 کلومیٹر لمبی ہوگی۔ اس میں سے 47 کلومیٹر سہرسہ سے گزرے گا۔ مدھے پورہ کے ایم پی دنیش چندر یادو نے سہرسہ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر کے بعد سہرسہ سے پٹنہ کا فاصلہ صرف 3-4 گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔ جس سے علاقے کے لوگ مستفید ہوں گے۔اس پروجیکٹ پر 18 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ایکسپریس وے پر 21 بڑے پل، 140 چھوٹے پل، 9 آر او بی اور 21 انٹر چینجز بنائے جائیں گے۔ سڑک کی چوڑائی 90 میٹر ہوگی جس کے لیے زمین حاصل کی جائے گی۔ انٹر چینجیز کی تعمیر سے لوگ باآسانی اس ہائی وے پر سوار ہو سکیں گے۔ایکسپریس وے کی تعمیر ویشالی کے میرا نگر سرائے سے شروع ہوگی۔ یہ این ایچ 22 کے قریب حاجی پور-مظفر پور فور لین سے 3 کلومیٹر جنوب میں شروع ہوگا۔ یہ راستہ سہرسہ، سونبرسا کچہری، باگرولی، لگما بھپٹیاہی کی مغربی سرحد سے گزرے گا۔منگوار-جامرا بہاری گنج اور مدھے پورہ کے مرلی گنج سے ہوتے ہوئے رسنا ارار سے گزرے گا۔ بالآخر یہ گلاب باغ-کشن گنج فور لین سے جڑ جائے گا، جو پورنیہ ضلع میں گلاب باغ سے 3 کلومیٹر مشرق میں ہے۔ایکسپریس وے کل 6 اضلاع سے گزرے گا۔ جس میں پورنیہ، مدھے پورہ، سہرسہ، دربھنگہ، سمستی پور، ویشالی اضلاع شامل ہیں۔ اس سے سہرسہ اور مدھے پورہ کے لوگوں کو دارالحکومت پٹنہ تک پہنچنے میں کافی سہولت ہوگی۔

