وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا

تاثیر 29  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 29 مارچ:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز کٹھوعہ ضلع میں دو روزہ طویل مسلح تصادم کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے پولیس ہیڈکوارٹر، گلشن گراؤنڈ میں پولیس پوسٹ صفیان کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل جگبیر سنگھ کے جسد خاکی پر گلدستے نچھاور کیے اور اْن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری، وزیر ستیش شرما، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، اور دیگر اعلیٰ سول و ملٹری افسران، پولیس، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور فوج کے حکام نے بھی شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔یہ خونریز تصادم صفیان کے گھنے جنگلات میں پیش آیا، جہاں پاکستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیم جیش محمد (جے ایم) سے وابستہ دو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران چار پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔