ریوا کے گاندھی میموریل اسپتال میں ڈیلیوری کے بعد پانچ خواتین بے ہوش

تاثیر 01  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ریوا، یکم مارچ:ریوا کے گاندھی اسمرتی اسپتال کے گائنی ڈپارٹمنٹ میں ڈلیوری کے بعد ہفتہ کی صبح پانچ خواتین کی صحت اچانک بگڑ گئی۔ خواتین اپنی یادداشت کھو چکی ہیں اور اپنے گھر والوں کو بھی پہچان نہیں پا رہی ہیں۔ اس واقعے سے ڈاکٹر بھی حیران ہیں۔ اسپتال میں کہرام مچ گیا ہے۔ خواتین ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔ دو خواتین کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم اس پراسرار واقعے کی جانچ میں مصروف ہے۔دراصل جمعہ کو گاندھی اسمرتی اسپتال کے گائناکولوجیکل ڈپارٹمنٹ میں پانچ خواتین کا سیزرین سیکشن ہوا تھا۔ ڈلیوری محفوظ طریقے سے کی گئی۔ تمام بچے مکمل صحت مند تھے۔ آپریشن کے بعد انہیں نارمل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تاہم حاملہ خواتین کو ہوش نہیں آیا۔ خواتین کافی دیر تک بے ہوش رہیں تو گھر والوں کی پریشانی بھی بڑھنے لگی۔ کچھ دیر بعد خواتین کو ہوش ایا، لیکن وہ اپنے گھر والوں کو پہچان نہیں سکیں۔