تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد , یکم۔ مارچ :وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک میں دفاعی شعبہ کو عصری سہولتوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور نئی ٹکنالوجیزکے استعمال کے ذریعہ دفاعی نظام مستحکم کیا گیا۔ راج ناتھ سنگھ آج حیدرآباد میں نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر دفاعی تحقیق کے ادارہ ڈی آر ڈی او کی جانب سے منعقدہ وگیان ویبھو پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلی ریونت ریڈی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ سائنس کے ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اورآج نیشنل سائنس ڈے کے موقع پر طلبہ سے خطاب میں کہا کہ انہیں غیر معمولی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ تقاضوں کے مطابق نئی تحقیقات پر توجہ مرکوزکریں۔ ریسرچ کے شعبہ میں نئی تخلیقات کے ذریعہ عوام کو سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے دفاع کی ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ تلنگانہ ریاست کئی دہوں سے قومی دفاع کے شعبہ میں اہم رول ادا کر رہا ہے۔ حیدرآباد میں بی ڈی ایل ، ڈی آر ڈی او،مدھانی،ایچ اے ایل جیسے قومی ادارے قائم ہیں جو میزائیلس اورراکٹس کی تیاری میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباداور اس کے اطراف دفاعی شعبہ کے ادارہ قائم ہیں۔