پرچم کشائی کے ساتھ ریاستی دفتر میں منایا گیا بھارتیہ جنتا پارٹی کا 45 واں یوم تاسیس

تاثیر 6  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 6 اپریل: بھارتیہ جنتا پارٹی کا 45 واں یوم تاسیس اتوار کے روز پٹنہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں بڑے دھوم دھام سے منایا گیا۔ ریاستی صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال نے پرچم کشائی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوم تاسیس منانے کے لیے ریاست، ضلع اور بوتھ سطح پر بڑے دھوم دھام سے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اور پنڈت دین دیال اپادھیائے، ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی، اٹل بہاری واجپائی، لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی جیسے لیڈروں کی لگن نے بی جے پی کو اس بلندی تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کو آگے لے جا رہے ہیں اور ان کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے۔
بی جے پی کی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر دلیپ جیسوال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کے نظریہ، وراثت اور ثقافت کو ترجیح دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ہم ہندوستان کو دوبارہ وشو گرو بنانے کی سمت کام کر رہے ہیں۔