تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) وقف بل کے خلاف مہاگٹھ بندھن کا عوامی جلسہ اب 30 اپریل کو کسان کالج گراؤنڈ میں ہوگا۔ قبل ازیں یہ اجلاس 29 اپریل کو اُدا ہاٹ ہائی اسکول گراؤنڈ میں ہونے والا تھ۔ ایم ایل اے شاہنواز عالم کی زیر صدارت سیسونا کی رہائش گاہ پر کارکنوں کے ساتھ منعقد ہونے والے والے اجلاس کی کامیابی کے لئے ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس کے بعد ایم ایل اے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 29 اپریل کی میٹنگ کو مخالفین کی سازش کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ کچھ لوگ جنہوں نے پہلے ہی بی جے پی کو جتوانے کا کام کیا ہے، اب وقف بل کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ 22 اپریل کو ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 29 اپریل کو وقف بل کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ اس کی اطلاع تمام اخبارات میں دی گئی۔ لیکن بی جے پی کے حامیوں نے 28 اپریل کو اسی جگہ پر پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ ایم ایل اے نے کہا کہ وقف قانون کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہو رہا ہے۔ لیکن کچھ لوگ بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی ان لوگوں نے بی جے پی امیدوار پردیپ سنگھ کو جتوانے کے لیے بہت محنت کی تھی۔ اب وہی لوگ وقف بل کی مخالفت کے نام پر لوگوں کو لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف ہوتی تو جوکی ہاٹ کے کسی اور مقام پر پروگرام کا اہتمام کرتے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ وقف بل لانے میں اہم رول ادا کرنے والے نتیش کمار کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی۔ بلکہ اس کی تعریف کی گئی۔ اب اچانک احتجاج کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دلالوں نے عوام کو تقسیم کرنے کے لئے ہمارے پروگرام سے ایک دن پہلے اسی جگہ پر پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ میں سات سال سے جوکی ہاٹ میں سیاست کر رہا ہوں۔ میں نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے۔ پہلے لیڈر عوام میں نہیں جاتے تھے، اب عوام کے درمیان جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت شروع سے ہی اس کالے قانون کے خلاف لڑ رہی ہے۔ اس لیے اب کسان کالج گراؤنڈ میں 30 اپریل کو ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔آر جے ڈی اقلیتی سیل کے ریاستی صدر اور سابق ایم ایل اے انور راج، راجیہ سبھا رکن منوج جھا، ایم ایل سی قاری شعیب، کئی تنظیموں کے علیم الدین اور عظیم اتحاد کے کارکنان اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ آر جے ڈی بلاک صدر شامی عبدالمنان، ایم ایل اے کے نمائندے رفیق عالم، صادق ہاشمی، سابق سربراہ پرویز عالم، تنزیل احمد (جھنو)، ننھےراجا، تجارتی بورڈ کے صدر ارشد عالم، شمشاد عالم، رازق، سالک، تحسین، ڈاکٹر عبید، سیف اللہ، مولوی منظور عالم، عمران جسیم، عمران سمیت درجنوں کارکنان موجود تھے۔

