تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شہڈول، 27 اپریل:ہفتہ-اتوار کی درمیانی شب ضلع کے سنگھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی گارڈ کوچ کے پٹری سے اترنے کے واقعہ نے ریلوے حکام اور مسافروں میں ہلچل مچا دی ہے۔ تاہم اس واقعے کے باوجود مین اپ اور ڈاؤن لائنوں پر ریل کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی اور کسی مسافر ٹرین کو نہیں روکا گیا۔
ریلوے شہڈول کے ایک اہلکار کے مطابق گارڈ کوچ لوپ لائن میں پٹری سے اتر گئی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور تکنیکی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور فوری امدادی کام شروع کر دیا۔ آر پی ایف کی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی۔ عملے نے جنگی بنیادوں پر کام کیا اور اتوار کی صبح تک گارڈ کوچ کو دوبارہ ٹریک پر لایا اور لوپ لائن پر ٹریفک کو بحال کیا۔
ریلوے کے پبلک ریلیشن آفیسر امبیکیش ساہو نے کہا کہ ہماری تکنیکی ٹیم اور آر پی ایف نے سنجیدگی سے کام کیا اور گارڈ بریک وین کو راتوں رات پٹری پر واپس لانے کا کام مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ سنگھ پور اور شہڈول اسٹیشنوں کے درمیان کٹنی سے بلاس پور جانے والی تانبے سے لدی ایک مال ٹرین کے ساتھ پیش آیا۔

