مرکزی حکومت کا رویہ جمہوریت کو تباہ کر رہا ہے: کھڑگے

تاثیر 9  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

احمد آباد، 9 اپریل:کانگریس کے قومی کنونشن میں پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا۔ کھڑگے نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں سے حکمراں جماعت آئینی اقدار اور آئینی اداروں پر حملہ کر رہی ہے، اسے روکنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہمیں کچھ بھی کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ یہ مرکزی حکومت کا رویہ ہے۔ یہ جمہوریت کو آہستہ آہستہ تباہ کر رہا ہے۔
سابرمتی ندی کے کنارے واقع احمد آباد میں منعقد ہونے والے کانگریس کے قومی کنونشن کے آخری دن کانگریس صدر کھڑگے نے حال ہی میں منعقدہ بجٹ اجلاس کے دوران حکومت پر من مانی کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے راہل گاندھی کا نام لیا، لیکن بعد میں انہیں بولنے نہیں دیا گیا۔ یہ جمہوریت کے لیے باعث شرم ہے۔ یہ حکومت عام لوگوں کو کہاں بولنے دے گی؟ اپوزیشن لیڈر کے خیالات کو دبایا جائے تو آج کی حکومت کی ذہنیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔