تاثیر 6 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
باغپت، 7 اپریل:ضلع کی بڑوت پولیس نے 5 کروڑ روپے کے غبن کے معاملے میں چنڈی گڑھ پولیس میں تعینات ایک انسپکٹر اور کچھ پولس اہلکاروں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ تینوں کو پیر کی دوپہر عدالت میں پیش کیا گیا اور جیل بھیج دیا گیا۔ اس سے قبل بھی پولیس نے غبن کیس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ ساری سازش چندی گڑھ پولیس کی مدد سے رچی گئی تھی۔
ایس پی ارپت وجے ورگیہ نے کہا کہ میرٹھ کی سی ایم ایس کمپنی اے ٹی ایم میں بینکوں کی رقم جمع کرنے کا کام کرتی ہے۔ اس کے لیے کمپنی نے بڑوت سے تعلق رکھنے والے گورو اور شاملی ضلع کے رہنے والے راکی و ذمہ داری دی تھی۔ کمپنی کے منیجر یوگیندر سنگھ نے کہا کہ ان دونوں نے اے ٹی ایم مشین میں ڈالنے کے لیے دیے گئے 5.26 کروڑ روپے نہیں ڈالے۔ کمپنی کے منیجر نے تھانہ بڑوت میں ملازمین پر نقدی ہڑپ کرنے کا مقدمہ درج کرایا۔ ویڈیو گرافی کے ذریعے 24 اے ٹی ایم کی چھان بین کی گئی تو 5 کروڑ 26 لاکھ روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آیا۔ اس شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا اور 25 مارچ کو ملزم گورو اور راکی کو ایک پستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ سارا کھیل چنڈی گڑھ پولیس کی ملی بھگت سے کھیلا گیا تھا۔ اس کے بعد چنڈی گڑھ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ اس معاملے میں، چنڈی گڑھ کے ایک انسپکٹر، ایک پولیس اہلکار اور جوہری گاؤں کے رہنے والے منیش کو پیر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔