تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 22 اپریل :جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ رام بن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔یہ وزیر اعلیٰ کا دو دنوں میں متاثرہ علاقوں کا دوسرا دورہ تھا۔ پیر کو وہ بذریعہ سڑک سرینگر سے جموں-سرینگر قومی شاہراہ کے سب سے زیادہ متاثرہ مقام، مروگ تا کیلا موڑ پہنچے تھے، جہاں شاہراہ تیسرے روز بھی بند پڑی ہے۔منگل کی صبح عمر عبداللہ نے سیاسی مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے چنڈرکوٹ کا فضائی دورہ کیا اور وہاں سے فوری طور پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ سیری علاقے کا رخ کیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے وزیر اعلیٰ کو موقع پر تفصیلی بریفنگ دی، جب کہ عمر عبداللہ نے پیدل متاثرہ علاقوں میں جا کر حالات کا جائزہ لیا اور متاثرہ افراد سے براہ راست گفتگو کی۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن شمشاد شان اور ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے بعد ازاں رام بن بازار کا دورہ کیا، جہاں مقامی لوگوں نے ان کا قافلہ روک کر مسائل بیان کیے۔ عمر عبداللہ نے انہیں بغور سنا اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔قدرتی آفت سے اب تک تین قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جب کہ درجنوں رہائشی مکانات، گاڑیاں اور سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے۔