تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع میں آج بلاک ایجوکیشن آفیسر کی اسکارپیو ٹکر سے بائک پر سوار تین نوجوانوں کی موت ہوگئی ۔ تینوں دوست رام نگر گاؤں شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی اسکارپیو نے بائک کو ٹکر مار دی ۔ حادثے کے بعد موٹر سائیکل کے کچھ حصے بکھر گئے اور اس میں آگ بھی لگ گئی ۔ بی ای او آنند پرساد کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ جو حادثے کے بعد سے فرار ہیں ۔ اس دوران انکے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ پولس نے اسکارپیو کو بھی قبضے میں لے لیا ہے ۔ اسکارپیو پر بی ای او دعوت کا اسٹیکر لگا ہوا ہے ۔ مرنے والوں میں منتوش کمار عمر 20 سال، بھور کمار ب18 سال اور سجن کمار عمر 22 سال ہے، تینوں مجنوگاؤں کے ہی رہنے والے ہیں ۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے صدر اسپتال سہسرام بھیج دیا ہے ۔ یہ واقعہ نوکھا تھانہ علاقے میں آرا-سہسرام اسٹیٹ ہائی وے پر پیش آیا ۔ مشتعل لوگوں نے انکی گاڑی روکی تو بی ای او فرار ہو چکے تھے ۔ سرکاری گاڑی ہونے کی سبب گاؤں والوں نے اسکارپیو کو نقصان نہیں پہنچایا ۔ لوگوں کا الزام ہے کہ محکمانہ گاڑیاں اکثر قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے تیز رفتاری سے چلتی ہیں ۔ متاثرہ خاندانوں اور گاؤں والوں نے انتظامیہ سے فوری معاوضے کا مطالبہ کیا ہے ۔ نوکھا تھانہ انچارج دنیش مالاکار نے بتایا کہ اسکارپیو کو ضبط کر لیا گیا ہے، پولس اسکارپیو پر نصب سرکاری بورڈ کی صداقت کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس بات کا بھی پتہ لگا رہی ہے کہ گاڑی میں کون کون تھے اور گاڑی کس مقصد کے لئے چلائی جا رہی تھی، یعنی کہ پولس تمام معاملات کی تفتیش میں مصروف ہو چکی ہے ۔