تاثیر 26 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 26 اپریل:وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جے ڈی یو پارٹی دفتر کے کرپوری آڈیٹوریم میں بہار جے ڈی یو لیگل سیل کے زیر اہتمام ایڈوکیٹ میٹ کا شمع روشن کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سب کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ ترقی کے حکومتی عزم کو زمین پر انصاف کے ساتھ نافذ کریں گے۔اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ حال ہی میں جے ڈی یو لیگل سیل کا قیام عمل میں آیا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ لیگل سیل کے وکلاء پارٹی کو مضبوط کریں گے۔ آپ سب مل کرانصاف کے ساتھ حکومت کے ترقی کے عزم کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سبھی آنے والے بہار اسمبلی انتخابات میں پوری طاقت کے ساتھ پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں گے۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ پوری قوت کے ساتھ متحد ہو کر کام کریں۔