تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 28 اپریل:وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف عوامی مہم کو مزید مستحکم کرے گی، کیونکہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف عوام کے تعاون سے ممکن ہے۔پہلگام دہشت گرد حملے کی مذمت پر ایوان میں بحث کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو ایسے کسی بھی اقدام سے بچنا چاہیے جو عوام کو خود سے بیگانہ کرے۔انہوں نے کہا کہ جب لوگ ہمارے ساتھ ہوں گے تو دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ عوام کا غصہ دہشت گردی کے خلاف ایک طاقتور پیغام ہے، اور اگر ہم درست اقدامات اٹھائیں تو یہ دہشت گردی کے خاتمے کی ابتدا ثابت ہو سکتی ہے۔عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ ہمیں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو عوام میں بے چینی پیدا کرے۔ ہم دہشت گردوں کا مقابلہ بندوق کے ذریعے نہیں کر سکتے، لیکن عوامی حمایت سے ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ سکتے ہیں۔ میرا یقین ہے کہ وہ وقت آ چکا ہے۔وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر بھر میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والے بے نظیر اور خود رو احتجاجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر کی جامع مسجد میں پہلی بار جمعہ کی نماز سے قبل دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جو ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس تبدیلی کو مزید تقویت دینے کی پوری کوشش کرے گی۔