تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 18 اپریل: رانچی کے کوتوالی تھانہ علاقے کے شہید چوک پر واقع بی ایس این ایل کے دفتر میں جمعرات کی دیر شب زبردست آگ لگ گئی۔ آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگی جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کی رات تقریباً 11 بجے بی ایس این ایل کے دفتر سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا۔ اس کے بعد کچھ ہی دیر میں آگ کے شعلے اٹھنے لگے۔
اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، کوتوالی پولیس اسٹیشن اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، اس طرح ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
فی الحال اس آگ سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔آگ پر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو عمارت کو بڑا نقصان پہنچ سکتا تھا۔ تاہم اس آگ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔