تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کوشامبی، 28 اپریل : اترپردیش کے کوشامبی ضلع میں کھدائی کے دوران مٹی کا ٹیلہ دھنسنے سے پانچ خواتین کی موت ہو گئی۔ تین دیگر زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچانے اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کو ان کا مناسب علاج کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے پانچ پانچ لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کوکھراج تھانہ علاقہ میں واقع ٹکر ڈیہہ گاؤں کی خواتین سنگیتا (35)، ممتا (32)، کچہری (35) اور اوما عرف سمن (14) اور مول چند کی بیٹی (16) سرکاری تالاب سے مٹی لینے گئی تھیں۔ اسی دوران ٹیلہ دھنس گیا اور وہ اس کے نیچے دب گئی۔ چیخ و پکار سن کر گاؤں والے اور رشتہ دار وہاں پہنچ گئے۔ مٹی تلے دبی خواتین اور بچیوں کو باہر نکالا گیا۔ تب تک ان میں سے پانچ کی موت ہو چکی تھی۔ زخمی سپنا، سوگن اور مینا کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

